سونا خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے بری خبر ، ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 16 ڈالر اضافے سے 4214 ڈالر کا ہوگیا ہے جبکہ آل پاکستان جیمز اینڈ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 1600 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 43 ہزار 762 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کے بھاؤ 1372 روپے اضافے سے 3 لاکھ 80 ہزار 454 روپے ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب 24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے بڑھ کر 6 ہزار 102 روپے ہوگئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی دباؤ، غیر یقینی مالی حالات اور سرمایہ کاری کی بدلتی ترجیحات سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثرانداز ہو رہی ہیں۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان اس جانب بھی اشارہ کرتا ہے کہ عالمی سطح پر سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دوبارہ سونے کی خریداری کی جانب مائل ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا بھر کی گولڈ مارکیٹس میں قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں ، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں ، ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔