نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل کرانے کے خواہش مند شہریوں کے لیے اہم اور تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔‘
ترجمان نادرا کے مطابق پتہ کی تبدیلی کا عمل پہلے سے زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے تاکہ ملک بھر کے شہری اپنے رہائشی ریکارڈ کو بروقت درست اور اپ ٹو ڈیٹ رکھ سکیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’شناختی کارڈ پر پتہ تبدیل کرانے کے لیے شہریوں کو لازمی طور پر رہائش ثابت کرنے والا کوئی ایک مستند دستاویزی ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔‘ اس سلسلے میں والدین، شریکِ حیات یا اپنی ملکیت میں موجود رہائشی پتے پر بجلی، گیس یا پانی کا بل بطور ثبوت جمع کروایا جا سکتا ہے۔
نادرا کے مطابق ’اس کے علاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، جائیداد کے کاغذات، ہاؤسنگ سوسائٹی کا الاٹمنٹ لیٹر یا تصدیق شدہ کرایہ نامہ بھی قابلِ قبول دستاویزات میں شامل ہیں، جنہیں شہری پتہ کی تبدیلی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔‘
ترجمان نادرا نے مزید کہا کہ شہری مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ ملک بھر میں قائم قریبی نادرا مراکز سے رجوع کریں جہاں عملہ ان کی رہنمائی کرے گا اور پتہ کی تبدیلی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
نادرا حکام کے مطابق یہ قدم عوامی سہولت اور شہریوں کے ڈیٹا کو مستند بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ حکومتی ریکارڈ میں درست رہائشی معلومات دستیاب رہیں اور مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔
ترجمان نادرا نے اب عوام کی سہولت کے لیے اعلان کیا ہے کہ شناختی پر موجودہ یا عارضی پتہ کی تبدیلی کا عمل پہلے سے زیادہ آسان کر دیا گیا ہے تاکہ ملک بھر کے شہری اپنے رہائشی ریکارڈ کو بروقت درست اور اپ ڈیٹ رکھ سکیں۔