پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں ایک جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، جس کا مقصد نہ صرف ملکی ٹیلنٹ کو مزید سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کرکٹ ڈھانچے کو مضبوط بنانا بھی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی تشہیر اور نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ خصوصی روڈ شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی ایس ایل کا وژن، اس کا کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی پیش کی گئی۔
اس تقریب میں چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بابراعظم سمیت کئی معروف پاکستانی کرکٹرز، سابق کپتان رمیز راجا، اسٹار آل راؤنڈر وسیم اکرم، ڈاکٹر فیصل اور نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں تارکین وطن نے بھی بھرپور شرکت کی اور اپنی خوشی اور محب الوطنی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ‘ہم پی ایس ایل کو یقیناً دنیا کی نمبر ون لیگ بنانے کی سمت گامزن ہیں۔ ہماری ٹیمیں مضبوط ہیں، کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت ہے اور ٹیلنٹ کے اعتبار سے پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ ہے۔’ انہوں نے مزید کہا کہ ‘اسلام آباد میں نیا اسٹیڈیم ہماری طویل مدتی منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس سے کرکٹ کے ڈھانچے کو مزید تقویت ملے گی۔’
سلمان نصیر نے پینل ڈسکشن میں کہا کہ ‘لارڈز میں پی ایس ایل کا تاریخی روڈ شو ایک اعزاز ہے۔ شروع میں جنہوں نے پی ایس ایل پر اعتماد کیا، انہوں نے دراصل پاکستان پر بھروسا کیا اور آج لیگ کی کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ ہم نے کووِڈ کے دوران سب سے زیادہ میچز کا انعقاد کر کے دنیا کو یہ ثابت کیا کہ پاکستان کرکٹ کا اصل گھر ہے۔’
سابق مایہ ناز بیٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا کہ ‘پی ایس ایل نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم میں رسائی کا راستہ کھول دیا ہے۔ یہ لیگ پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل کی مضبوط بنیاد ہے‘۔
وسیم اکرم نے پی ایس ایل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘پی ایس ایل نے دنیا کو اپنا لوہا منوایا ہے۔ ٹیلنٹ کے لحاظ سے یہ دنیا کی نمبر ون لیگ ہے اور حارث رؤف جیسے عالمی معیار کے فاسٹ بولرز اسی پلیٹ فارم سے سامنے آئے۔ میں سب کو مشورہ دوں گا کہ نئی ٹیمیں خریدنے کا یہ بہترین وقت ہے، کیونکہ مستقبل میں ان کی قدر میں مزید اضافہ ہوگا۔’
پینل مباحثے میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ‘کھیل سفارت کاری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور آج لارڈز کے تاریخی میدان میں پی ایس ایل کا انعقاد اسی اعتماد کا اظہار ہے۔’
تقریب کے اختتام پر شرکا نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں پوری کرکٹ برادری کی مشترکہ محنت شامل ہے، اور نئے اسٹیڈیمز، نئی ٹیموں اور بہتر ڈھانچے کے ساتھ لیگ کا مستقبل مزید روشن دکھائی دیتا ہے