وزیراعظم شہباز شریف نے موسمِ سرما کے دوران گھریلو صارفین کو ’صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک‘ بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتائی۔
قومی اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کا مقصد سرد موسم میں گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ کھانے پکانے اور روزمرہ ضروریات کے وقت گیس دستیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ ’رواں سال گزشتہ برس کے مقابلے میں گیس لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے تاہم جہاں بھی گیس پریشر کا مسئلہ موجود ہے، نشاندہی کی جائے تو اسے فوری طور پر حل کیا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ نومبر کے دوران گیس سے متعلق ’80 سے 90 ہزار‘ شکایات موصول ہوئیں جن میں سے ’70 سے 80 فیصد‘ شکایات اوگرا کے دائرہ اختیار سے متعلق تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے یہ شکایات 36 گھنٹوں کے اندر اندر نمٹا دیں، جس سے صارفین کو فوری ریلیف ملا۔‘
انہوں نے کہا کہ وزارت پیٹرولیم اور متعلقہ کمپنیاں سردیوں میں گیس کے دباؤ اور فراہمی کے مسائل کم سے کم رکھنے کیلئے کوشاں ہیں اور صارفین کے مسائل کے حل کیلئے مانیٹرنگ میکانزم کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ حکومت رواں سال گیس کی قلت اور لوڈ مینجمنٹ کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم کی براہِ راست نگرانی میں سردیوں کے دوران گھریلو صارفین کی سہولت اولین ترجیح ہے۔