ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے جی پی فنڈ کی رقم بلا تاخیر فراہم کرنے کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب آفس میں ایک خصوصی فاسٹ ٹریک سیل قائم کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سیل کا افتتاح ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور نے کیا، جبکہ اس موقع پر اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور 2025 میں ریٹائر ہونے والے مختلف محکموں کے ملازمین بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اپنے جی پی فنڈ حاصل کرنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک سیل کے قیام کا مقصد ملازمین کے لیے نظام کو آسان، شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ فنڈز کی ترسیل میں دیر نہ ہو اور ہر ریٹائرڈ ملازم وقت پر اپنی رقم وصول کر سکے۔
اس موقع پر اکاؤنٹنٹ جنرل کا کہنا تھا کہ فاسٹ ٹریک سیل کے ذریعے ہر ملازم کا سالانہ ڈیٹا خودکار طریقے سے سسٹم میں اپڈیٹ کیا جائے گا۔ اس جدید نظام کے تحت ریٹائر ہونے والے ملازمین اپنی فائل جمع کروانے کے بعد آسانی سے جی پی فنڈ وصول کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ملازم کو فنڈ کے حصول میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو میرے دفتر کے دروازے ہر وقت ان کے لیے کھلے ہیں، تاکہ مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔
اس موقع پر حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کے لیے معلوماتی شیٹس بھی تقسیم کی گئیں، جن میں فنڈ حاصل کرنے کے طریقہ کار اور فاسٹ ٹریک سیل سے متعلق ضروری معلومات شامل تھیں، اس اقدام سے توقع کی جا رہی ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ میں اضافہ ہوگا اور فنڈز کی ترسیل کا عمل مزید شفاف اور مؤثر ہو جائے گا۔