خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام جاری اور مستقل بھرتیوں کے لیے انٹرنل اور دیگر ایجنسیوں کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ اس اہم اقدام کا مقصد بھرتیوں کے عمل کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور یکساں معیار کے مطابق بنانا ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک، فشریزوکوآپریٹو خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اب ان اداروں میں تمام بھرتیاں ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایوالیوشن ایجنسی (ایٹا) کے ذریعے کرائی جائیں گی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ محکمے میں پہلے سے شروع کی گئی بھرتیوں کو بھی دوبارہ ’ایٹا‘ سے منسلک کیا جائے اور پورا انتخابی عمل اس ذریعے سے مکمل کیا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی صورت ’ایٹا‘ کے بغیر بھرتی کی فوری ضرورت پیش آئے تو متعلقہ محکموں کو سیکریٹری کی ’خصوصی اجازت‘ حاصل کرنا ہوگی، بصورت دیگر کوئی بھرتی جائز تصور نہیں کی جائے گی۔
محکموں کو ایٹا سے تعاون کی ہدایت
حکومت کی جانب سے تمام دفاتر کو یہ بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ بھرتیوں کے اشتہارات، ٹیسٹ شیڈول، ٹیسٹ کا انعقاد، نتائج کی فراہمی اور دیگر تمام انتظامات کے سلسلے میں ’ایٹا‘ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ بھرتی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ سکے۔
مزید برآں، مراسلے میں تمام متعلقہ دفاتر کو احکامات کی ’7روز کے اندر‘ مکمل تعمیل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں یہ تفصیل فراہم کی جائے کہ کون کون سی بھرتیاں ایٹا کے ساتھ منسلک کی گئی ہیں اور کس حد تک عمل آگے بڑھ چکا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ صوبے میں بھرتیوں کے حوالے سے پائے جانے والے مسائل، غیر شفاف طرزِ عمل اور مختلف ایجنسیوں کی کارکردگی پر آنے والی شکایات کے بعد کیا گیا ہے، تاکہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے اہم خبر
یہ فیصلہ سرکاری ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر ہے، کیونکہ اب صوبے میں تمام سرکاری بھرتیوں کے لیے بنیادی ٹیسٹنگ ذمہ داری ’ایٹا‘ پر ہوگی، جس کا امتحانی نظام پہلے ہی پورے صوبے میں تسلیم شدہ اور شفاف طریقہ کار کا حامل سمجھا جاتا ہے۔