پنجاب میں جعلی ای چالان میسیجز کے ذریعے فراڈ، سیف سٹی نے شہریوں کو خبردار کردیا

پنجاب میں جعلی ای چالان میسیجز  کے ذریعے فراڈ، سیف سٹی نے شہریوں کو خبردار کردیا

 پنجاب میں شہریوں کی جانب سے جعلی ای چالان ایس ایم ایس موصول ہونے کی متعدد شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر سیف سٹی نے شہریوں کو جعلسازوں سے بچنے کی ہدایت کی ہے ۔

پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، لیکن دوسری طرف جعلسازوں نے بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی ای چالان شروع کر کے شہریوں سے مالی فراڈ کرنا شروع کر دیا ہے۔

سیف سٹی کے ترجمان نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کبھی بھی ایس ایم ایس  کے ذریعے کسی شہری سے کیش، بینک یا اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب نہیں کرتا۔

ترجمان کے مطابق اصل ای چالان ایس ایم ایس صرف اور صرف پنجاب حکومت کے سرکاری نمبر 8070 سے بھیجا جاتا ہے اور اس میں ہمیشہ وقت، جگہ اور خلاف ورزی کی تفصیل فراہم کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹریفک آرڈیننس معطلی کی خبریں بے بنیاد، قانون پر مکمل عمل ہوگا،مریم نواز

انہوں نے واضح کیا کہ شہری کسی بھی مشکوک لنک یا ویب سائٹ پر کلک کر کے ادائیگی ہرگز نہ کریں، کیونکہ یہ فراڈ کرنے والوں کی کوشش ہوتی ہے کہ شہریوں سے پیسے لوٹ لیے جائیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کی تمام سروسز شہریوں کے لیے مفت ہیں اور اس نام کا استعمال کر کے فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سیف سٹی کی جانب سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر انہیں کسی مشکوک یا جعلی میسج کا سامنا ہو تو فوراً 15 پر کال کریں یا ایف آئی اے سائبر ونگ سے رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب : کینسر اور دل کے مریضوں کیلئے ’وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو کارڈ‘ متعارف کرانے کا فیصلہ

سیف سٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہری اپنی ذاتی معلومات کی حفاظت کریں اور کسی بھی غیر مستند ای چالان یا ایس ایم ایس  پر عمل کرنے سے گریز کریں ، اس اقدام کا مقصد شہریوں کو دھوکہ دہی اور مالی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *