آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز اور ایپ استعمال کرنے والوں کے لئے اہم خبر

آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز اور ایپ استعمال کرنے والوں کے لئے اہم خبر

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک بھر میں آن لائن سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ متعدد جعلی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز، ویب سائٹس اور موبائل ایپس لائسنس یافتہ بروکرز کا نام استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو دھوکہ دینے میں سرگرم ہیں، جن سے بچنا نہایت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ غیر قانونی اور جعلی پلیٹ فارمز اسٹاک اور دیگر مالیاتی مصنوعات میں غیر معمولی یا زیادہ منافع کا لالچ دے کر صارفین کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو بغیر کسی خطرے کے یقینی منافع کا جھانسہ دیا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں ان میں کوئی حقیقی ٹریڈنگ نہیں کی جاتی۔

اعلامیے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ ایسے جعلی پلیٹ فارمز صارفین کو متاثر کرنے کے لیے فرضی ڈیش بورڈز تیار کرتے ہیں جن پر نقلی بیلنس اور منافع دکھایا جاتا ہے۔ اس طریقہ کار کے ذریعے لوگوں کو یہ یقین دلایا جاتا ہے کہ ان کی سرمایہ کاری سے مسلسل نفع حاصل ہو رہا ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا موبائل ڈیوائسز کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان

ایس ای سی پی نے بتایا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد سرکاری افسران اور ریگولیٹری اداروں کے نام اور شناخت کا غلط استعمال بھی کرتے ہیں۔ وہ خود کو ماہر سرمایہ کاری مشیر ظاہر کرکے صارفین کو مفت سرمایہ کاری مشورے یا ٹریڈنگ ٹپس دیتے ہیں تاکہ اعتماد حاصل کر کے انہیں مالی نقصان پہنچایا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق عوام کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ صرف انہی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کا استعمال کریں جو ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ اور تصدیق شدہ ہوں۔ ادارے نے کہا ہے کہ غیر مستند پلیٹ فارمز سے دور رہنا ہی مالی تحفظ کا واحد راستہ ہے، کیونکہ ایسے جعلی نظام میں سرمایہ کاری کرنے سے صارفین اپنا پیسہ کھو سکتے ہیں اور انہیں قانونی مدد بھی دستیاب نہیں ہو پاتی۔

ایس ای سی پی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی آن لائن سرمایہ کاری پلیٹ فارم پر اعتماد کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کے دھوکے اور نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: استعمال شدہ موبائل خریدتے وقت یہ غلطیاں ہرگز مت کریں

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *