وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کسی بھی قسم کی سیاسی انتقامی کارروائیوں کے لیے نیب کا استعمال نہیں کرے گی ،یہ بات انہوں نے عالمی انسداد بدعنوانی دن کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
شہباز شریف نے نیب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے افسران اور قیادت نے شفاف اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت کو حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیا اور کہا کہ بدعنوانی کے خلاف اقدامات سے ایک منصفانہ اور جوابدہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ نیب اور متعلقہ ادارے پوری تندہی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ منظم مالی جرائم کے شکار شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کرنے سے نیب پر عوام کا اعتماد مستحکم ہوا ہے،تقریب میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی حالیہ کارکردگی، خصوصاً اس سال میں حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ نیب نے 2025 میں مختلف ریاستی اداروں کے تعاون سے 5.1 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے اثاثے واپس حاصل کیے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ 2022 کے بعد نیب میں اصلاحات کو ہنگامی بنیادوں پر نافذ کیا گیا، جس سے ادارے کی کارکردگی میں قابلِ ذکر بہتری آئی ہے
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی انسداد بدعنوانی دن کا وزیراعظم ہاؤس میں انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ حکومت کے لیے احتساب اور جوابدہی اہمیت کے حامل ہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ شفافیت اور احتساب کے اقدامات نہ صرف مالی نظم و نسق کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی بڑھاتے ہیں۔