محکمہ موسمیات نے رجب المرجب کے چاند کے حوالے سے اپنی اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کا دنیا بھر کے مسلمان بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رجب کی آمد قریب ہے اور یکم رجب المرجب کے تعین کے لیے مسلمانوں میں خصوصی دلچسپی پائی جاتی ہے، کیونکہ اس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی رمضان المبارک میں صرف دو ماہ باقی رہ جاتے ہیں۔
رجب ہجری کیلنڈر کا ساتواں مہینہ ہے اور اسلام کے چار مقدس و محترم مہینوں میں شمار ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے اس مہینے کی آمد نہ صرف مذہبی لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے بلکہ اس کے آغاز سے رمضان المبارک کی روحانی تیاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سال 1447 ہجری کا ماہِ رجب ممکنہ طور پر 21 یا 22 دسمبر 2025 سے شروع ہو سکتا ہے۔ یہ پیشگوئی چاند کی متوقع پیدائش اور رویت کے سائنسی اعداد و شمار کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ تاہم محکمے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اسلامی مہینوں کا حتمی تعین چاند کی رویت پر ہوتا ہے، اس لیے اصل تاریخ میں فرق بھی آسکتا ہے۔
رجب کے بارے میں مسلمانوں میں خصوصی روحانی جذبات پائے جاتے ہیں۔ اسے رمضان المبارک کی تیاری کا مہینہ سمجھا جاتا ہے، جس میں عبادات، دعا اور توبہ کی طرف خاص توجہ دی جاتی ہے۔ علما کا کہنا ہے کہ یہ مہینہ اللہ تعالیٰ کے قرب کے حصول، گناہوں سے دوری اور نیک اعمال میں اضافے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
رجب کے لفظی معنی کے بارے میں بھی تاریخ و روایت میں دلچسپ تشریحات ملتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ رجب کا مطلب ہے “کسی چیز کی مدد یا تقویت دینا”، جب کہ یہ لفظ “عزت اور احترام” کے مفہوم سے بھی منسلک ہے، اسی لیے اسے عظمت اور وقار والا مہینہ شمار کیا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی اس تازہ پیشگوئی کے بعد دنیا بھر کے مسلمان اب رجب المرجب کے چاند کی رویت کے دن کا بے حد انتظار کر رہے ہیں، تاکہ اس مقدس مہینے کا باضابطہ آغاز کیا جا سکے۔