گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آ ئی ہے، عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان باقاعدہ طور پر کر دیا گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 24 جنوری 2026 کو منعقد ہوں گے۔
الیکشن شیڈول کے اجرا کے لیے تیار کی گئی سمری پر صدرِ پاکستان نے دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد انتخابی مرحلے کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے ،چیف الیکشن کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ انتخابات نہایت شفاف، منظم ماحول میں کرانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتظامی، سیکورٹی اور انتخابی عمل کے دیگر تمام مراحل کے لیے پہلے سے جامع حکمت عملی تیار کر رکھی ہے، جبکہ انتظامات کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،راجہ شہباز خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کو آئندہ ہفتے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کی خوشخبری بھی مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات بھی خطے کی جمہوری مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ان کے لیے بھی بھرپور تیاری جاری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا مؤقف تھا کہ گلگت بلتستان میں پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فوج، رینجرز، مقامی پولیس اور سول انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے درمیان مکمل رابطہ قائم رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 24 جنوری کو عوام کو اپنا جمہوری حق بھرپور آزادی، سیکورٹی اور اطمینان کے ساتھ استعمال کرنے کا بہترین موقع ملے گا، جو خطے میں سیاسی استحکام کا نیا باب کھولے گا۔