بنوں کے علاقے مماش خیل میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، مطلوب دہشتگرد ہلاک، چار مشتبہ افراد گرفتار

بنوں کے علاقے مماش خیل میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، مطلوب دہشتگرد ہلاک، چار مشتبہ افراد گرفتار

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مماش خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک جبکہ چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، نقد رقم اور دیگر حساس مواد برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے 8 دسمبر کو بنوں میں دہشتگرد سرگرمیوں سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ مماش خیل اور اس کے گرد و نواح میں 15 سے 16 دہشتگردوں پر مشتمل ایک گروہ متحرک ہے۔ ان سرگرمیوں کی قیادت مطلوب دہشتگرد کمانڈر برکت اللہ کر رہا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ اطلاعات کی تصدیق کے بعد گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے مماش خیل میں مشترکہ آپریشن کیا ۔ آپریشن کے دوران دہشتگرد کمانڈر برکت اللہ فرار ہونے کی کوشش میں مارا گیا، جس کی لاش اور ایک ایم فور رائفل برآمد کر لی گئی، جبکہ چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان سرزمین پاکستان کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، پاکستانی مندوب کا سیکیورٹی کونسل میں اظہارِ تشویش

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کا اسلحہ، دستی بم، میگزینز، سینکڑوں راؤنڈ گولہ بارود، ایک ٹویوٹا پرایوس گاڑی جس پر مختلف نمبر پلیٹس لگی ہوئی تھیں، نقد رقم، موبائل سم، شناختی کارڈز، بائنانس اکاؤنٹس کی تفصیلات، ایک رجسٹر اور دیگر مشکوک اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ماماش خیل اور ملحقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز ، سی ٹی ڈی اور پولیس نے گرفتار ملزم امین اللہ کی ملکیت اسلحہ کی دکان کو سیل کرنے کے لیے مشترکہ کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *