سولہ دسمبر سے پیٹرول سستا ہوگا یا مہنگا اس حوالے سے سمری کی ابتدائی ورکنگ کرلی گئی ہے،ذرائع کے مطابق دسمبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے جس کے لیے ابتدائی ورکنگ تیار کرلی گئی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر تک کمی ممکن ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 70 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے ایک پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اگر یہ کمی عمل میں آتی ہے تو پیٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 9 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 270 روپے 80 پیسے تک پہنچ جائے گی۔مٹی کے تیل کی قیمت 181 روپے 16 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 153 روپے 76 پیسے فی لیٹر متوقع ہے۔
یہ کمی عوام کے لیے ریلیف کا باعث بن سکتی ہے، خاص طور پر ٹرانسپورٹ اور روزمرہ کی ضروریات پر اثر انداز ہونے والے اخراجات میں کمی کی صورت میں۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ 15 دسمبر کو تیار کر کے متعلقہ محکموں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے بعد وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ملکی مارکیٹ کی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام ممکن بنایا گیا ہے۔