مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پارٹی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں،نواز شریف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ٹکٹ ہمیشہ میرٹ کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں اور اس روایت پر آئندہ بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر امیدوار کا انٹرویو اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی ٹکٹ کا فیصلہ کیا جاتا ہے، اس لیے تنظیم کے اندرونی اختلافات یا گروہ بندیوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ پارٹی نظم و ضبط اور اصولوں پر قائم رہ کر ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے موجودہ سیاسی ماحول سازگار ہے اور اگر کارکنان یکجہتی کا مظاہرہ کریں تو انتخابات میں بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ باریک بینی سے دیکھیں کہ کون سا امیدوار پارٹی کے لیے بہتر ثابت ہو سکتا ہے اور کون نہیں، کیونکہ درست فیصلہ ہی مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی کا تعین کرتا ہے۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے این ایف سی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی شمولیت کی ضرورت پر بھی زور دیا نواز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں خطوں کو قومی مالیاتی ڈھانچے میں حصہ ملنا چاہیے تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں توازن قائم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ امیدواروں کی درخواستیں 31 دسمبر تک وصول کی جائیں گی، جس کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔نواز شریف نے شہباز شریف کی صوبائی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام اور سیف سٹی منصوبے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب ترقی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ جیسے سماجی منصوبے بھی عوامی فلاح میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کی کارکردگی اور انتظامی بہتر ی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی لائی جا سکتی ہے، بشرطیکہ پارٹی داخلی اتحاد اور میرٹ کو اولین ترجیح دے۔