ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی اقتصادی اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 540 ملین ڈالر کے دو بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ان میں سے 400 ملین ڈالر کا قرض نتائج کی بنیاد پر ادائیگی کے ماڈل کے تحت سرکاری تجارتی اداروں کی اصلاحات کے لیے مختص کیا گیا ہے، جبکہ 140 ملین ڈالر کا رعایتی قرض سندھ کے ساحلی اضلاع میں قدرتی آفات کے خلاف مزاحمت بڑھانے کے منصوبے کے لیے منظور ہوا ہے۔
اے ڈی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سرکاری اداروں کی کارکردگی اور گورننس کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب یہ اصلاحاتی پروگرام ایک اہم سنگِ میل ہے۔اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے بڑے تجارتی سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا اور معیشت کے استحکام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
پروگرام کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی جیسے اہم اور پیچیدہ ادارے کی تنظیمِ نو کو ترجیح دی جائے گی، تاکہ اسے جدید انتظامی خطوط اور تجارتی اصولوں کے مطابق فعال بنایا جا سکے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ اے ڈی بی پاکستان میں کسی سرکاری ادارے کے لیے مکمل طور پر نتائج پر مبنی قرض فراہم کر رہا ہے اے ڈی بی گزشتہ کئی برسوں سے ایس او ای اصلاحات میں پاکستان کا شراکت دار ہے، جس کے نتیجے میں 2023 میں ایس او ای ایکٹ اور نئی پالیسی کا نفاذ، مرکزی مانیٹرنگ یونٹ کا قیام اور عوامی خدمت کے معاہدوں کا اجرا جیسے اقدامات سامنے آئے۔
نئے قرض کے ذریعے گورننس، ادارہ جاتی صلاحیت، ڈیجیٹلائزیشن، روڈ سیفٹی اور مالیاتی استحکام میں مزید بہتری لانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ بینک نے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی منظور کی ہے تاکہ اصلاحات کے عمل میں ماہرین کی فراہمی اور استعداد کار بڑھائی جا سکے۔
دوسری جانب سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پروجیکٹ بدین، سجاول اور ٹھٹھہ جیسے کمزور ساحلی علاقوں میں رہنے والے پانچ لاکھ سے زائد افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر زرعی زمین کو سیلاب اور سمندری کٹاؤ سے بچانے اور 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی میں مدد دے گا۔
یہ اقدامات پاکستان کے نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان IV، سندھ کلائمیٹ چینج پالیسی اور اے ڈی بی کی اسٹریٹجی 2030 سے مکمل طور پر مطابقت رکھتے ہیں۔
منصوبہ گرین ہاؤس گیسوں میں کمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، جو 2030 تک فوڈ سسٹمز کی تبدیلی کے لیے اے ڈی بی کے 40 بلین ڈالر کے عالمی ہدف کا حصہ ہے۔