چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور تربیتی معیار کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوجرانوالہ پہنچنے پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔ انہیں فارمیشن کی مجموعی آپریشنل تیاری، جاری سیکیورٹی اقدامات اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور فارمیشن کی مجموعی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جدید جنگی ماحول میں ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی انتہائی اہم ہے، کیونکہ جدید جنگ میں چستی، درستگی، حالات سے بروقت آگاہی اور تیز فیصلہ سازی بنیادی تقاضے ہیں۔
افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ان کے بلند حوصلے، نظم و ضبط اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے سخت اور مشن پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ہر سطح پر جنگی صلاحیت برقرار رکھی جا سکے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاک فوج اندرونی اور بیرونی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جن میں دشمن کی جانب سے ہائبرڈ مہمات، انتہاپسند نظریات اور ایسے تقسیم پیدا کرنے والے عناصر شامل ہیں جو قومی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے فارمیشن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ملکی دفاع کے لیے اعلیٰ معیار اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔