پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو سائبر فراڈ اور آن لائن دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے آگاہی جاری کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں پی ٹی اے نے کہا کہ سائبر مجرم حکومتی اور نجی شعبے کے ملازمین کو مسلسل فشنگ ای میلز بھیج رہے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ان فشنگ ای میلز کا مقصد صارفین کی لاگ ان تفصیلات چوری کرنا، سسٹمز کو رینسم ویئر سے متاثر کرنا، یا غیر مجاز رسائی حاصل کرنا ہے۔ اس کے پیش نظر، صارفین کو چند اہم حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی کہ وہ ہمیشہ ای میل بھیجنے والے کی شناخت چیک کریں، خاص طور پر ایڈریس اور اٹیچمنٹ کی فائل ایکسٹینشن پر دھیان دیں۔ خاص طور پر ایسے اٹیچمنٹس جو “پی ٹی اے ڈاٹ ٹی ایکس ٹی” کے نام سے آئیں، ان کو کھولنے سے پہلے اسکین کرنا ضروری ہے۔
مزید برآں، پی ٹی اے نے کہا کہ ای میل استعمال کرنے کے بعد لازمی طور پر لاگ آؤٹ کریں اور سرکاری ای میل کو ذاتی یا غیر سرکاری کام کے لیے استعمال نہ کریں۔ کسی بھی لنک پر کلک کرنے سے پہلے اصل یو آر ایل چیک کرنا بہت ضروری ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو یہ بھی ہدایت دی کہ اپنا ای میل پاس ورڈ یا او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور ای میل کے ذریعے کبھی بھی نہ بھیجیں۔ نامعلوم لنکس یا شارٹ لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا کہ ہیکرز کی جانب سے دھمکی، لالچ یا جھوٹے وارننگ سائن بھیجے جاتے ہیں تاکہ صارف گھبرا جائے اور فوری طور پر لنک پر کلک کر دے۔ صارفین محتاط رہیں اور آن لائن حفاظتی اقدامات کو اپنی عادت بنائیں تاکہ سائبر حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔
یہ ہدایت پی ٹی اے کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد ملکی سطح پر ڈیجیٹل سیکورٹی کو مستحکم بنانا ہے۔