ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، سات دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہیدخیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک بہادر جوان جامِ شہادت نوش کر گیا۔
یہ کارروائی کلاچی کے عمومی علاقے میں 15 دسمبر کو انجام دی گئی ، جس کا مقصد علاقے میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا خاتمہ تھا آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بھارتی سرپرستی یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کلاچی کے علاقے میں موجود ہیں اور تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاعات کی تصدیق کے بعد سیکورٹی فورسز نے بروقت اور منظم کارروائی کا آغاز کیا،آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
کارروائی کے دوران سات دہشت گرد مارے گئے، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو ان کے تخریبی عزائم کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران نائیک یاسر خان نے دشمن کا جرات مندانہ مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان وطن پر قربان کر دی۔
شہید نائیک یاسر خان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے،آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف پوری قوت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔