عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی منڈی پر مرکوز ہو گئی ہے۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں ہونے والی بڑی کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی واضح طور پر دیکھے گئے، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 40 ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونے کی قیمت کم ہو کر 4 ہزار 285 ڈالر کی سطح پرآ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ، ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 ہزار روپے کم ہو کر 4 لاکھ 50 ہزار 862 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 429 روپے کی کمی ریکارڈ ، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 86 ہزار 541 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں استحکام برقرار رہا تو مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں مزید رد و بدل ہو سکتا ہے، تاہم حتمی صورتحال عالمی معاشی حالات سے جڑی ہوئی ہے۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرجبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پرجبکہ پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں ۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔