خانیوال، ملتان اور روہڑی کے درمیان شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 اور ایم 5 مختلف مقامات پر بند کر دی گئی ہیں ،موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ یہ بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موٹرویز کی بندش اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، ترجمان نے واضح کیا کہ شہریوں کے لیے محفوظ سفری اوقات صبح دس بجے سے شام 6 بجے تک ہیں اس دوران سفر کو ترجیح دی جائے کیونکہ اس وقت دھند نسبتا کم اور دیکھنے کی حد بہتر ہوتی ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی کہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری نہ کریں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
علاوہ ازیں، عوام کے لیے ہیلپ لائن نمبر 130 پر رہنمائی اور فوری مدد کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے،شدید دھند کے باعث موٹرویز ایم-3، ایم-4 اور ایم-5 کے مختلف سیکشنز بند رہیں گےاور پولیس نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ دھند کے موسم میں حادثات سے بچا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ موٹروے پولیس مستقل نگرانی کر رہی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،پولیس کے مطابق دھند کے موسم میں معمولی لاپرواہی بھی مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔
لین ڈسپلن، رفتار کی حد اور حفاظتی فاصلوں پر سختی سے عمل کرنا لازمی ہے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر ضروری نہ ہو تو سفر مؤخر کریں اور اپنی حفاظت کو مقدم رکھیں۔دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنز کی بندش کا مقصد عوام کو محفوظ بنانا ہوتا ہے دھند میں سفرسےحادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے