پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے تیز ترین گیند کا اپنا ریکارڈ توڑنے کے لیے ایک فاسٹ بولر کی حمایت کی ہے۔
سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اخترنے انگلینڈ کے خلاف 2003 کے ورلڈ کپ کے دوران 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ترین گیند کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
50 سالہ فاسٹ بولر اس وقت بنگلادیش میں بی پی ایل میں ڈھاکا کیپٹلز کے ساتھ بطور مینٹور خدمات انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں پہلے کبھی بی پی ایل کا حصہ نہیں رہا، آخر میں مجھے یہاں آنے اور اس کا حصہ بننے کا موقع ملا ہے، میں نے جو کچھ سیکھا ہے اسے منتقل کرنا چاہتا ہوں، خاص طور پر فاسٹ بولنگ کے گر سکھانا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ تسکین احمد ڈھاکا کیپٹلز کی نمائندگی کریں گے جس میں انہیں شعیب اختر سے سیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔
شعیب اختر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تسکین احمد میری تیز رفتار گیند کا ریکارڈ توڑے، انہوں نے ناہید رانا کی بھی تعریف کی جو بنگلادیش کے فاسٹ بولر ہیں۔
مزید پڑھیں: بگ بیش میں شاہین آفریدی کی مایوس کُن کارکردگی، امپائر نے بولنگ سے روک دیا

