اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے اپنے خلاف ڈگری تنازع سے متعلق کیس میں ہائیکورٹ کی کارروائی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 9 دسمبر کو جاری ہونے والے دو رکنی بینچ کے حکمنامے کے خلاف آئینی عدالت میں اپیل دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف دائر کی گئی رٹ درخواست قابلِ سماعت نہیں تھی، لہٰذا اس کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں جسٹس طارق جہانگیری نے استدعا کی ہے کہ ان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر رٹ کو خارج کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی کارروائی کو چیلنج کرنے کے لیے تین سینیئر وکلا پر مشتمل قانونی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔ اس قانونی ٹیم میں اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین شامل ہیں، جو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے کیس کی پیروی کریں گے، جبکہ عزیر بھنڈاری وفاقی آئینی عدالت میں جسٹس جہانگیری کی نمائندگی کریں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی ڈگری تنازع کیس کے خلاف علیحدہ درخواستیں دائر کی جائیں گی، جن میں قانونی نکات اور عدالتی کارروائی پر اعتراضات اٹھائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران جسٹس طارق جہانگیری نے بینچ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد عدالتی حلقوں میں اس معاملے پر خاصی توجہ مرکوز ہو گئی ہے اور کیس کو ایک اہم آئینی نوعیت کا معاملہ قرار دیا جا رہا ہے۔