پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے،پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس، مالاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، طورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، باجوڑ اور مہمند میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے جبکہ ان اضلاع کے بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہےاس کے علاوہ وابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات کے علاقوں میں سڑکیں بند ہونے یا پھسلن کا شکار ہونے کا خدشہ ہےجبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کی جانب سے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔متعلقہ محکموں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے، بل بورڈز اور کمزور ڈھانچوں کو محفوظ بنانے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ برفباری سفر کے دوران پانی، خوراک، ادویات اور گرم کپڑوں کا مناسب بندوبست کریں جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ تیز ہوا اور گرج چمک کے دوران بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔