پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری الرٹ جاری کر دیا

پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری الرٹ جاری کر دیا

صوبے کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید دھند کے پیش نظر موٹروے پولیس اور پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں اور ڈرائیورز کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موٹر وے ایم 4 خانیوال سے ملتان تک اور موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دی گئی ہیں، شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور غیر محتاط ڈرائیونگ شدید حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے ترجمان نے مزید کہا کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں جبکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات نسبتاً محفوظ رہتے ہیں، انہوں نے ڈرائیورز سے کہا کہ وہ گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی خبردار کیا ہے کہ صوبے کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے جس سے حدِ نگاہ شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رات 12 بجے سے صبح 9 بجے تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر سفر کرتے وقت حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

مزید پڑھیں: شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

پی ڈی ایم اے اور موٹروے پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر شہریوں اور مسافروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ دھند کے دوران محتاط ڈرائیونگ، رفتار کم رکھنا اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہے تاکہ سڑکوں پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، حالات بہتر ہونے تک شہری احتیاط سے سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *