چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے نشان حیدر کے حامل لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید بہادری، قربانی اور مادرِ وطن سے بے لوث عقیدت کی عظیم مثال ہیں۔ 1971 کی جنگ کے دوران واہگہ سیکٹر پر انہوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔
شدید زخموں اور مسلسل دشمن کی فائرنگ کے باوجود وہ بے خوف ہو کر آگے بڑھے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی جرأت، قربانی اور حب الوطنی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
شہداء کی قربانیاں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ عظمت اور قومی عزم کی علامت ہیں۔ افواجِ پاکستان نے ملکی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے عزم کے اعادے کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی قوم کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
مزید جانیئے: ہم حق پر ہیں اور حق غالب آئے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

