چیف آف ڈیفنس فورسز(سی ڈی ایف)، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف نے اپنے سرکاری دورۂ لیبیا کے دوران لیبیا کی اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
جمعرات کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لیبیا آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو لیبیائی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی آرمی چیف نے فیلڈ مارشل خلیفہ بلقاسم حفتر، کمانڈر اِن چیف لیبیائی عرب مسلح افواج اور لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر، ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیبیائی عرب مسلح افواج سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور انسدادِ دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔