وفاقی حکومت نے بیک وقت پنشن اور تنخواہ لینے پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے ۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت پر پینشن سے متعلق 2 اہم نوٹیفکیشنز واپس لے لیے، حکومت نے بیک وقت پینشن اور تنخواہ لینے پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا جبکہ دوبارہ ملازمت پر مشروط طور پر پینشن وصولی کا نوٹیفکیشن بھی واپس ہوگیا۔
وفاقی وزارت خزانہ نے 22 اپریل 2025 کو جاری نوٹیفکیشن واپس لیا، وزارت خزانہ نے 19 جون 2025 کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا، دونوں نوٹیفکیشنز واپس لینے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
وفاقی وزارت خزانہ نے نیا آفس میمورنڈم وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو بھجوادیا، دوبارہ ملازمت پر پینشن یا تنخواہ میں سے ایک لینےکا نوٹیفکیشن 22 اپریل کو جاری کیا گیا تھا جبکہ دوبارہ سرکاری ملازمت پر بیک وقت پینشن اور تنخواہ لینے پر پابندی لگائی گئی تھی، یہ پابندی وفاق کے پینشنرز پر 60 سال کی عمر کے بعد دوبارہ سرکاری ملازمت سے متعلق تھی۔
حکومت نے 19 جون کے نوٹیفکیشن میں دوبارہ ملازمت پر پینشن وصولی کی مشروط اجازت دی تھی یہ اجازت تنخواہ کو گراس پینشن کی رقم کے برابر کم کرنے تک مشروط کی گئی تھی، نوٹیفکیشنز کی واپسی کے بعد بیک وقت پنشن اور تنخواہ سے متعلق سابقہ پالیسی بحال ہو گئی ہے۔