پراپرٹی کی خریدوفروخت کرنے والوں کے لیے خوشخبری، حکومت کا اہم اقدام

پراپرٹی کی خریدوفروخت کرنے والوں کے لیے خوشخبری، حکومت کا اہم اقدام

صوبائی حکومت نے اراضی کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شفافیت کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس مقصد کے تحت حکومت بلوچستان اور لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (لمز) کے درمیان زمینوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ سے متعلق باہمی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک باقاعدہ معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران حکومت بلوچستان اور لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی اور لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں بلوچستان کے 25 اضلاع میں زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا جائے گا۔ اس عمل کے تحت زمینوں سے متعلق موجودہ ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل نظام میں محفوظ کیا جائے گا تاکہ عوام کو زمینوں کے معاملات میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زمینوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے قیام سے اراضی سے متعلق تنازعات میں واضح کمی آئے گی اور عوام کو بہتر اور بروقت سہولیات میسر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن ایک فیصلہ کن اور اہم سنگ میل ہے، کیونکہ زمینوں کے ریکارڈ میں شفافیت کے بغیر پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کاریلوے اراضی کے بہتر استعمال اور زیادہ آمدن کیلئے پبلک پارٹنر شپ ماڈل اپنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے زمینوں کی منتقلی اور تصدیق کے عمل میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی، جس سے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس منصوبے پر مقررہ وقت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ کا نظام صوبے میں گورننس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام عوامی اعتماد میں اضافے اور شفاف نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *