مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو انسٹا گرام کے انداز سے مشابہ ہے۔
اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے نامکمل اسٹیٹس کو ڈرافٹ کی صورت میں محفوظ کرنے اور بعد میں انہیں مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے تیار کیے گئے مگر نامکمل اسٹیٹس کو محفوظ کر سکیں گے اور مناسب وقت پر دوبارہ کھول کر انہیں مکمل کر کے شیئر کر سکیں گے۔ فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں محدود تعداد میں صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ عام صارفین کو یہ سہولت تاحال فراہم نہیں کی گئی۔
واٹس ایپ اس سے قبل چیٹس کے لیے ڈرافٹ سیونگ ٹول متعارف کرا چکا ہے، جس کے ذریعے صارفین ان چیٹس کی آسانی سے نشاندہی کر سکتے ہیں جن میں پیغام لکھا تو گیا ہو مگر بھیجا نہ گیا ہو۔ اس فیچر کو صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا، جس کے بعد اب واٹس ایپ اس عمل کو اسٹیٹس فیچر تک بڑھا رہا ہے۔
نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نیا ڈرافٹ آپشن اسٹیٹس ایڈیٹر میں دیکھا گیا ہے، جہاں صارفین اپنے اسٹیٹس کو محفوظ کرنے کا اختیار حاصل کر سکیں گے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین نہ صرف ٹیکسٹ اسٹیٹس بلکہ فوٹو، اسٹیکرز یا دیگر اقسام کے نامکمل اسٹیٹس کو بھی ڈرافٹ کے طور پر محفوظ کر سکیں گے اور بعد میں انہیں اپنی سہولت کے مطابق مکمل کر سکیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ انسٹا گرام کی طرح واٹس ایپ کے اسٹیٹس ایڈیٹر ونڈو میں بھی ایک علیحدہ ڈرافٹ سیکشن دکھائی دے گا، جس سے محفوظ شدہ اسٹیٹس تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی اسٹیٹس ایڈیٹر میں ایک نیا سیو بٹن بھی شامل کیا جا رہا ہے، جس پر کلک کر کے صارفین اپنے نامکمل اسٹیٹس کو محفوظ کر سکیں گے۔
تاہم رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چونکہ یہ فیچر اس وقت صرف بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اسے کب تک تمام واٹس ایپ صارفین کے لیے باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔