راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے زور دار دھماکے میں 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا ایک رہائشی مکان میں اس وقت پیش آیا جب گھر میں گیس جمع ہو چکی تھی اور اچانک آگ لگنے سے زور دار دھماکا ہو گیا، جس سے مکان کے اندر موجود افراد شدید متاثر ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور مرد شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جھلسنے کے باعث خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ مکان کے اندرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد مدد کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گیس لیکیج کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی رپورٹ تکنیکی جانچ کے بعد مرتب کی جائے گی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ سوئی گیس کے عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ گیس لائنز کا معائنہ کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں میں گیس کے استعمال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی گیس بو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔