فضائی آپریشن متاثر، متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار

فضائی آپریشن متاثر، متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار

صوبہ پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں اندرون و بیرونِ ملک آنے اور جانے والی متعدد پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار ہو گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر پورٹ حکام نے بتایا ہے کہ کم حدِ نگاہ کے باعث رن وے پر لینڈنگ اور ٹیک آف میں مشکلات پیش آئیں، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی، انڈیگو ایئرلائن کی 500 پروازیں منسوخ

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی لاہور سے دوحہ جانے والی پرواز’279‘مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی اور صبح ساڑھے 3 بجے تک تاخیر کا شکار رہی، جب کہ سعودی ایئر کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز ‘739’ بھی دھند کے باعث صبح 2 بج کر 35 منٹ تک تاخیر سے روانہ ہوئی۔ اسی طرح پی آئی اے کی لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز ’747‘ کو منسوخ کر دیا گیا، تاہم اسی روٹ کی پرواز ’715‘ کو بن کر منگل کی صبح 3 بج کر 45 منٹ پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پروازوں کی آمد کے شیڈول میں بھی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ نجی ایئر لائن کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز ’717‘ منسوخ کر دی گئی، جب کہ سعودی ایئر کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز ’738‘ رات سوا ایک بجے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی۔

پی آئی اے کی دمام سے لاہور آنے والی پرواز ’248‘ رات دو بجے تک تاخیر کا شکار رہی، جبکہ نجی ایئر لائن کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز ’411‘ بھی رات سوا 2 بجے تک تاخیر سے پہنچی ہے۔

مزید پڑھیں:ٹیلی کام سروسز میں خرابی، ڈیلاس ایئرپورٹس پر فضائی نظام درہم برہم، 1,800 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار، سیکڑوں منسوخ

اسی طرح شارجہ سے نجی ایئر لائن کی لاہور آنے والی پرواز ’501‘ رات ایک بجے تک، پی آئی اے کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز ’760‘ رات سوا 2 بجے تک اور نجی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز ’842‘ رات 11 بجے تک تاخیر کا شکار رہیں۔

ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق موسم بہتر ہونے پر فلائٹ آپریشن بتدریج بحال کیا گیا، تاہم مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئر پورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کے تازہ شیڈول کی تصدیق ضرور کریں۔

واضح رہے کہ آئندہ چند روز تک دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث پروازوں کے شیڈول میں مزید رد و بدل ہو سکتا ہے، جبکہ ایئر لائنز کی جانب سے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *