وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی کامیاب نجکاری کے حوالے سے خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے پوری قوم کو اس سنگ میل کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی انہوں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور پی آئی اے کی یہ کامیاب نجکاری اسی عزم کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بولی کا عمل انتہائی شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل ہوا، جس نے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط کیا ہے،وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے علاوہ دیگر ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس سے نہ صرف ملکی مالیاتی نظام میں شفافیت آئے گی بلکہ نجی شعبے کی شمولیت سے معاشی ترقی کی راہیں بھی کھلیں گی، انہوں نے اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ملکی معیشت پر بین الاقوامی اور مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ اداروں اور افراد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ریاستی اداروں، نجکاری کمیشن، وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر متعلقہ عہدہ داروں کی مسلسل محنت اور تعاون کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی یہ تاریخی نجکاری نہ صرف ملکی معیشت کے لیے مثبت پیغام ہے بلکہ یہ سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور عوام کے مفاد میں نئے مواقع پیدا کرنے کا ایک اہم سنگ میل بھی ہے ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عمل سے پاکستان کی اقتصادی ترقی مزید مستحکم ہوگی اور ملکی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔