وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں فروخت کرنا ملکی معیشت میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح نشانی ہے،ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری اداروں کی نجکاری کے ذریعے کھربوں روپے کے نقصان سے نجات حاصل کرے گی اور اس عمل سے معیشت کی بحالی کا عمل بھی تیز ہوگا۔خواجہ آصف نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری سے نہ صرف مالی وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ معیشت میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے نجکاری کمیشن کو اس کامیاب نجکاری پر مبارکباد دی اور کہا کہ آج کی یہ ڈیل مستقبل میں مزید کامیابیوں کی پیش گوئی کرتی ہے،عارف حبیب کنسورشیم کے نمائندہ عارف حبیب نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پرانی ساکھ کو بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی اور ہم بین الاقوامی معیار کے مطابق ایئرلائن کی خدمت کو دوبارہ مستحکم کریں گے۔
ماہرین کے مطابق سول ایوی ایشن کی محنت اور کارکردگی اس ٹرانزیکشن کی بڑی وجہ بنی کیونکہ عالمی پابندیوں کے خاتمے نے پی آئی اے کی مارکیٹ ویلیو میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
ماضی میں جب اس ادارے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی دی گئی تھی آج اسی ادارے کی قیمت 135 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جو سول ایوی ایشن پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا شاندار ثبوت ہے،نجکاری کے بعد پی آئی اے کی مالی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ساتھ ملازمین کے حقوق اور سہولیات کی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔