وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے واضح کیا ہے کہ قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے نیویارک اور پیرس میں موجود ہوٹل نجکاری کے عمل کا حصہ نہیں ہیں، پی آئی اے کی نجکاری کی بولی حکومت کی توقعات سے بہتر رہی اور اس سودے سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے تقریباً 120 ارب روپے کی توقع رکھی تھی، جو بولی سامنے آئی وہ نہ صرف حکومت بلکہ خریدار کے لیے بھی بہتر ثابت ہوئی، اس معاہدے کے تحت 125 ارب روپے پی آئی اے میں جائیں گے جو قومی ائیرلائن کے لیے ایک مثبت پیشرفت ہے۔
مشیر نجکاری کا کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے کے 18 طیارے آپریشنل ہیں اور حکومت گزشتہ کئی برسوں سے قومی ائیرلائن کی نجکاری کی کوشش کر رہی تھی، اب کنسورشیم کامیاب ہوچکا ہے اور آگے چل کر ان کے لیے پارٹنر تلاش کرنا مشکل نہیں ہوگا، جس سے ادارے کی کارکردگی بہتر ہونے کی امید ہے۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی کامیاب بولی دینے کے بعد عارف حبیب کا پہلا بڑا بیان سامنے آگیا

