فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مزید ایک لاکھ 74 ہزار نان فائلرز کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل افراد میں زیادہ تر کو نوٹس بھیجے جا چکے ہیں، جبکہ گھریلو خواتین بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دستاویزات کے ساتھ تین سال کے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں۔ یہ اقدام ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نان فائلرز کے شناختی کارڈ کے ذریعے ایف بی آر آن لائن اور گھر پر نوٹس بھجوا رہا ہے اور نان فائلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایف بی آر کی یہ کارروائی حکومت کی جانب سے ٹیکس نظام کی شفافیت اور توسیع کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے، ٹیکس دہندگان کے مطابق، نان فائلرز کی نشاندہی اور بروقت نوٹس بھیجنے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ متوقع ہے اور ریونیو کے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایف بی آر نے بڑے پیمانے پر نان فائلرز کی فہرست جاری کی ہو۔ گزشتہ سال بھی مختلف اضلاع میں ہزاروں نان فائلرز کو نوٹس بھیجے گئے تھے، جن میں کئی گھریلو خواتین اور چھوٹے کاروباری افراد شامل تھے۔