وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ دور کا سب سے بڑا خطرہ جنگ نہیں بلکہ ڈس انفارمیشن یا غلط معلومات کا پھیلاؤ ہے۔
اسلام آباد میں پاک چائنا میڈیا فورم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاک، بھارت جنگ کے دوران بھارت کی جانب سے ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی، پاکستانی فوج اور ملکی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے بیانیے کی جنگ جیتی۔
وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی تاریخی، مثالی اور وقت کی کسوٹی پر کھری ثابت ہوئی ہے اور دونوں قوموں کے لیے باعث فخر ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سی پیک اور پاک چین تعلقات کے خلاف بھی جھوٹی خبریں ایک بڑا چیلنج ہے، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے، مکمل حقائق جانے بغیر سی پیک کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی آواز کو دنیا تک موثر انداز میں پہنچائیں گے اور عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو موثر انداز میں پیش کرنے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کا آغاز کیا گیا ہے اور یہ کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ میڈیا ریپڈ رسپانس نظام تشکیل دیا جانا چاہیے، فیک نیوز کی نشاندہی کے لیے خصوصی فیکٹ چیک پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز ہے۔