فاسٹ باؤلرز کی رہنمائی کیلئے بھارت کا پاکستان سے رابطہ، عاقب جاوید کا بڑا انکشاف

فاسٹ باؤلرز کی رہنمائی کیلئے بھارت کا پاکستان سے رابطہ، عاقب جاوید کا بڑا انکشاف

پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے فاسٹ باؤلرز کی رہنمائی کے لیے رابطہ کیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں پی سی بی کے آفیشل پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے  ان کاکہنا تھا  کہ بھارت نے پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے تحت فاسٹ بولنگ کے حوالے سے رہنمائی کےلیے ان سے رابطہ کیا تھا۔

قومی سلیکشن کمیٹی رکن نے انٹرویو میں پاکستان کرکٹ، ہائی پرفارمنس ڈھانچے اور طویل المدتی منصوبہ بندی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کردار سے متعلق بات کرتے ہوئے اسے کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے پی سی بی کا انجن روم قرار دیتے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے لیے ہمارے بڑے منصوبے ہیں، جن میں مکمل طور پر فعال بایومکینکس لیبارٹری کا قیام بھی شامل ہے۔

عاقب جاوید نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2006 سے غیر فعال آئی سی سی سے منظور شدہ یہ لیبارٹری، ممکنہ طور پر آئندہ چند ماہ میں فعال ہوجائے گی ، اس سہولت کے ذریعے ہم غیر قانونی بولنگ ایکشن کی نشاندہی کر سکیں گے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر کام کریں گے۔

انہوں نے پی سی بی کے اوورسیز پاتھ وے پروگرام کو بھی اُجاگر کیا، جس کے تحت دنیا بھر کے کرکٹرز کو پاکستان میں کوچنگ اور تربیت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: انڈر19 ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان کی جیت ہضم نہ ہوئی، بڑا فیصلہ کرلیا

عاقب جاوید نے بتایا کہ غیر ملکی اور اوورسیز کھلاڑی اب پاکستان آ کر ٹریننگ حاصل کر سکتے ہیں، اور ہم نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی میزبانی بھی کر چکے ہیں ، حقیقی پیش رفت کا اندازہ تب ہی ہوتا ہے جب نظام کو عالمی سطح پر جانچا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم خود کو چیلنج نہیں کریں گے، ہمیں یہ معلوم نہیں ہو سکتا کہ ہم بین الاقوامی سطح پر کہاں کھڑے ہیں، ہمارے کوچز کتنے قابل ہیں اور ہمارا نظام کتنا مضبوط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام آگے چل کر دنیا بھر میں پھیلے گا، اور ہمیں بھارت سے بھی فاسٹ باولرز کے لیے رہنمائی کی درخواست موصول ہو چکی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *