رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی،اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سمندری سلامتی، اور دو طرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا مہمان اعلیٰ اہلکار نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی سطح پر سمندری سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں پاکستان نیوی کے مسلسل کردار کو بھی سراہا۔
بعد ازاں، نیول اسٹاف کے چیف اور رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے سے متعلق ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس ایم او یوکا مقصد معلومات کے تبادلے کے لیے رہنما اصول اور طریقہ کار قائم کرنا ہے تاکہ وائٹ شپنگ کی باہمی آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان اور عمان جغرافیائی طور پر قریبی ہیں اور مشترکہ سمندری حدود کے حامل ہیں دونوں بھائی ممالک کے تعلقات وسیع پیمانے پر اقتصادی تعاون، عوامی روابط اور مضبوط دفاعی روابط پر مشتمل ہیں۔
دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات گہرے ہیں، جو ماہر سطحی اسٹاف بات چیت تربیت، دوطرفہ مشقیں، اور کثیر فریقی مشقوں میں شرکت کے ذریعے واضح طور پر ظاہر ہوتے ہیں۔