پی ایس ایل کی مقبولیت،دو نئی ٹیمیں خریدنے کیلئے دنیا بھر سے 12 امیدوار سامنے آگئے

پی ایس ایل کی مقبولیت،دو نئی ٹیمیں خریدنے کیلئے دنیا بھر سے 12 امیدوار سامنے آگئے

پی ایس ایل ایک بار پھر عالمی کرکٹ منظرنامے میں اپنی مضبوط ساکھ منوانےمیں کامیاب ہوگئی ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کی فروخت کے لیے جاری کیے گئے ٹینڈر کے غیر معمولی اور حوصلہ افزا نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا ہے،جس نے لیگ کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت پر مہر ثبت کردی ہے۔

پی سی بی کے مطابق مقررہ مدت کے اندر 12 مختلف پارٹیوں نے باضابطہ طورپراپنی بڈز جمع کروائیں جواس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سرمایہ کار پی ایس ایل کو ایک منافع بخش،مستحکم اوربین الاقوامی معیارکی لیگ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

یہ بڈرزدنیا کے پانچ مختلف براعظموں سے تعلق رکھتے ہیں جن میں امریکا،آسٹریلیا،کینیڈا،متحدہ عرب امارات اورپاکستان شامل ہیں۔
مختلف خطوں سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس امر کو ظاہر کرتی ہے کہ پی ایس ایل اب محض ایک مقامی لیگ نہیں رہی بلکہ ایک عالمی برانڈ کی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی بولی جمع کرانے کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بڈنگ کے ابتدائی مرحلے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 27 دسمبر کو اس مرحلے کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
اس کے بعد اگلے مرحلے میں وہ بڈرز جو تکنیکی معیار پر پورا اتریں گےانہیں اوپن کمپیٹیشن بڈنگ کے ذریعے دو نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

یہ اہم مرحلہ 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا جہاں شفاف اورمسابقتی انداز میں فرنچائزز کی نیلامی کی جائے گی،پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یہ پورا عمل عالمی معیار کے مطابق، مکمل شفافیت اور پیشہ ورانہ اصولوں کے تحت انجام دیا جائے گا۔

بورڈ کا ماننا ہے کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے نہ صرف لیگ کا دائرہ وسیع ہوگا بلکہ نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو مزید مواقع میسر آئیں گے جبکہ بین الاقوامی سطح پر پی ایس ایل کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی،ماہرین کے مطابق پی ایس ایل کی توسیع پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوسکتی ہے جو نہ صرف کھیل بلکہ سرمایہ کاری، روزگار اور عالمی اعتماد کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *