صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے 149 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ یقین محکم اور انتھک محنت کو یاد کرنے کا دن ہے جس نے پاکستان کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا، قائداعظمؒ جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے اور یہ اقدار ہمارے قومی سفر کا مرکز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے اصول ہماری ترقی، سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کے استحکام کیلئے آج بھی ناگزیر ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جب قوم مختلف چیلنجز سے نمٹ رہی ہے تو قائداعظمؒ کی قیادت اور اصول آج بھی ہمارے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، قوم آئندہ برس قائداعظم کے 150 ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھ رہی ہے، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ضروری ہےکہ قائداعظمؒ کی زندگی اور جدوجہد پر سنجیدہ غور کیا جائے، ان کے وژن سے وابستگی کی تجدید کی جائے اور ان کے نظریات کو دیانت اور مقصدیت کے ساتھ آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار سے وابستہ رہتے ہوئے ایک پرامن اور جامع پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔
قائداعظم کے سنہری اصول اتحاد، تنظیم اور قومی مستقبل کی ضمانت ہیں ، وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظم کے 149 ویں یوم پیدائش پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اس موقع پر بابائے قوم کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم کا یوم پیدائش تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ان کے رہنما اصولوں پر انفرادی اور قومی سطح پر عمل ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ نے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب، ہم آہنگی اور انصاف کا درس دیا، جبکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم روشن قومی مستقبل کی ضمانت ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی سیاسی بصیرت نے قیام پاکستان کو ممکن بنایا، قائداعظم نے تاریخ کا دھارا موڑ کر مسلمانوں کا خواب حقیقت میں بدلا، آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کیلئے جدوجہد کی اور سامراجی قوتوں کو شکست دی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت دیگر اہم شخصیات مزار قائد پر حاضری دینگے اور پھولوں کی چار چڑھانے کے ساتھ فاتحہ خوانی بھی کرینگے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔