بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے، انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 24 دسمبر2025 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں’ فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔
سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد مارے گئے ۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ، مارے جانے والے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔