حکومت نے “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت 10 ارب روپے کی رقم جاری کر دی ہے، جس کا مقصد عام شہریوں کو گھر بنانے اور رہائش کے مسائل کے حل میں مدد فراہم کرنا ہے۔
حکومت نے عوام کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے اہم مالی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے، حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی بحالی کے لیے مزید 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے یہ رقوم آن لائن سسٹم کے ذریعے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے اور متاثرہ خاندانوں تک بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔
حکام کے مطابق ان فنڈز کا بنیادی مقصد متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنا، تباہ شدہ گھروں کی تعمیر نو میں مدد دینا اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ فنڈز کی دستیابی کے بعد بحالی اور امدادی کاموں میں نمایاں بہتری آئے گی اور مستحق افراد کو جلد ریلیف ملے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان شہریوں کے لیے جو مالی مشکلات کے باعث اپنے لیے گھر تعمیر کرنے سے قاصر ہیں ، اسی طرح سیلاب متاثرین کے لیے مختص کی گئی رقم سے بے گھر افراد کو دوبارہ آباد کرنے میں مدد ملے گی اور متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔
حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان فنڈز کا استعمال مکمل شفافیت اور احتساب کے اصولوں کے تحت کیا جائے گا۔