میڈیا رپورٹ کے مطابق رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ہی پتنگ اور ڈور بنانے کی اجازت دی جائے گی،پتنگ اور ڈور کی فروخت کے لیے اندرون شہر مخصوص مقامات پر اسٹال لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے پتنگ اور ڈور بنانے کا اجازت نامہ حاصل کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ بسنت پر پابندی 2001 میں لگائی گئی تھی کیونکہ کیمیکل اور تیز دھار مانجھا راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کے گلے پر پھر کر اموات کا سبب بن رہا تھا، جیت کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے بھی لوگ زخمی اور ہلاک ہوتے تھے۔ پولیس کے مطابق ان واقعات پر کنٹرول مشکل تھا، اس لیے پابندی ضروری سمجھی گئی۔
بسنت بھارت اور پاکستان کے پنجاب کا قدیم تہوار ہے جو موسمِ بہار کی آمد کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ سرسوں کے کھیتوں میں پیلے پھولوں کی بہار، رنگ برنگی پتنگیں، میلے اور مقابلے بسنت کی پہچان رہے ہیں۔
خواتین، مرد، بچے سب اس موقع کے لیے خاص لباس بنواتے، گھروں میں لذیذ پکوان تیار ہوتے اور عزیز و اقارب اکٹھے ہو کر چھتوں پر بسنت کا تہوار بھرپور طریقے سے مناتے تھے۔