پاکستان کی وزارت خارجہ نے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کو باضابطہ طور پر ڈیمارش جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈیمارش برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے ہونے والے احتجاج کے حوالے سے کیا گیا ہے، جس کے دوران قابل اعتراض اور اشتعال انگیز سرگرمیوں پر پاکستان نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ احتجاج کے لیے برطانیہ میں پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کے آفیشل اکاؤنٹ کو مظاہرین جمع کرنے کے مقصد سے استعمال کیا گیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورسز کے خلاف نہایت اشتعال انگیز، نامناسب اور قابل اعتراض زبان استعمال کی گئی، جس پر حکومت پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران فیلڈ مارشل کو جان سے مارنے کی کھلی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مظاہرین کی جانب سے یہ کہا گیا کہ فیلڈ مارشل کو ایک کار بم دھماکے کے ذریعے قتل کیا جائے گا، جو کہ نہایت سنگین اور ناقابل قبول عمل ہے۔ ان دھمکیوں کو حکومت پاکستان نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے برطانیہ کی سرزمین سے دی جانے والی ان دھمکیوں کا سخت نوٹس لیا ہے۔ پاکستان نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور ایسے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔
پاکستانی حکام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ برطانوی حکومت ان شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔