باہمی احترام کا منفرد لمحہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کا ایک دوسرے کو سلوٹ ، تصویر وائرل
Home - آزاد سیاست - باہمی احترام کا منفرد لمحہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کا ایک دوسرے کو سلوٹ ، تصویر وائرل
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
پاکستان آمد پر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا، جبکہ پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے فضا میں شاندار سلامی پیش کی۔
ملاقات کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو سلوٹ کیا، جس کے جواب میں اماراتی صدر نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلوٹ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی احترام اور وقار پر مبنی یہ لمحہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس تصویر کو غیر معمولی طور پر سراہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ منظر نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ کے لیے اعزاز کی علامت ہے بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کے وقار اور عالمی سطح پر اس کی عزت و احترام کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ کئی صارفین نے اس تصویر کو پاک، امارات تعلقات کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور احترام کے اظہار کے طور پر قرار دیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پہلے ہی موجود ہے، جبکہ اس دورے کے دوران باہمی روابط کو نئی جہت دینے اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو متوقع ہے۔