سال 2026 میں ہونے والی سرکاری تعطیلات کا ممکنہ شیڈول سامنے آ گیا ہے، تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ ہر سال تعطیلات کی تاریخوں میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے دیگر کئی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال سرکاری سطح پر تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے، جن کا مقصد قومی، مذہبی اور سماجی دنوں کو منانا ہوتا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق ممکنہ شیڈول میں نئے سال 2026 کی پہلی عام تعطیل 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر ہوگی۔ اس کے بعد مذہبی تہوار عیدالفطر کی تعطیلات 21 مارچ سے 23 مارچ تک متوقع ہیں۔ یہ تعطیلات ملک بھر میں سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور بیشتر نجی اداروں میں ہوں گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یکم مئی کو یومِ مزدور کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، جبکہ 28 مئی کو یومِ تکبیر کے موقع پر بھی سرکاری چھٹی دی جائے گی۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر 27 مئی سے تین روزہ تعطیلات متوقع ہیں، جبکہ اسلامی مہینے محرم الحرام میں 25 اور 26 جون کو عاشورۂ محرم کی تعطیلات ہوں گی۔
قومی دنوں کے حوالے سے جشنِ آزادی کے موقع پر 14 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اسی طرح 26 اگست کو عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اور 9 نومبر کو یومِ اقبال کے موقع پر بھی سرکاری تعطیل ہوگی۔ سال 2026 میں یومِ قائداعظم اور کرسمس کی تعطیلات بھی شامل ہوں گی، تاہم 26 دسمبر کو صرف مسیحی ملازمین کے لیے چھٹی ہوگی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے بھی سال 2026 کے لیے ممکنہ سرکاری تعطیلات کی فہرست جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق مجموعی طور پر بارہ سرکاری تعطیلات شامل کی گئی ہیں۔ ان تعطیلات میں یکم جنوری کو نیو ایئر، عیدالفطر کے تین روز، نو ذوالحج کو یومِ عرفات، عیدالاضحیٰ کے تین دن، یکم محرم کو نئے اسلامی سال کا آغاز، بارہ ربیع الاول کو عید میلادالنبیؐ اور دو سے تین دسمبر تک یو اے ای نیشنل ڈے کی تعطیلات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تمام شیڈول ممکنہ ہے اور سرکاری اعلان کے بعد حتمی تاریخوں کی تصدیق کی جائے گی۔