خیبرپختونخوا میں موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات لینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا (پی ایس آر اے) نے نجی اسکولوں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات کے انعقاد کو خلافِ ضابطہ قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
پی ایس آر اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں سرمائی تعطیلات کے دوران نجی اسکولوں میں امتحانات لینا قواعد و ضوابط کے منافی ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس عمل کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، لہٰذا تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر جاری کردہ امتحانی شیڈول واپس لیں اور سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات کے انعقاد سے گریز کریں۔
پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا کے مطابق سرمائی تعطیلات طلبہ اور اساتذہ کے لیے آرام اور تعلیمی دباؤ میں کمی کے لیے مختص ہوتی ہیں، اس لیے تعطیلات کے دوران امتحانات کا انعقاد پالیسی اور ضوابط کے خلاف ہے۔ مراسلے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ کسی بھی نجی اسکول کو اس پابندی سے استثنا حاصل نہیں ہوگا۔
پی ایس آر اے نے مراسلے میں خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نجی اسکول نے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد نہ کیا اور سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات کا انعقاد کیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مراسلے کے مطابق ایسی صورت میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی کی جانب سے تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مراسلے میں دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ پی ایس آر اے نے واضح کیا ہے کہ سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات لینا خلافِ ضابطہ ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔