نیا سال 2026 نئی امیدوں، توقعات اور سوالات کے ساتھ شروع ہو گا، ہر نئے سال کے آغاز پر عوام کی دلچسپی اس بات میں بڑھ جاتی ہے کہ آنے والا وقت ملک کی اہم سیاسی شخصیات کے لیے کیسا رہے گا۔خاص طور پر وہ رہنما جو اس وقت اقتدار میں ہیں ان کے بارے میں جاننا لوگوں کے لیے ہمیشہ تجسس کا باعث ہوتا ہے،اسی تناظر میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں معروف ماہر علمِ نجوم سامعہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے ملکی سیاست سے جڑی کئی نمایاں شخصیات کے بارے میں اپنی پیشگوئیاں پیش کیں۔
ان پیشگوئیوں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شامل تھیں جو حالیہ برسوں میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کے باعث مسلسل خبروں میں رہتی ہیں،سامعہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مریم نواز کے عملی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے سے قبل ہی یہ اندازہ لگا لیا تھا کہ سال 2025 ان کے لیے غیر معمولی ثابت ہوگا۔
ان کے مطابق یہ سال مریم نواز کے لیے مواقع، کامیابیوں اور سیاسی مضبوطی کا پیغام لے کر آیا جس کا اثر عوامی سطح پر بھی واضح طور پر دیکھا گیا تاہم ماہر علم نجوم نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں مریم نواز کو نہایت محتاط انداز میں فیصلے کرنا ہوں گے۔
ان کے بقول یہ وقت جہاں ترقی اور کامیابی دیتا ہے، وہیں حد سے زیادہ اعتماد کا باعث بھی بن سکتا ہے،جو بعض اوقات مشکلات کو جنم دیتا ہے سامعہ خان کے مطابق اگر مریم نواز 11 مارچ 2026 تک کسی غیر ضروری جارحانہ سیاسی حکمتِ عملی سے گریز کرتی ہیں تو پھر 11 مارچ سے 30 جون کے درمیان ان کیلئے غیرمعمولی مقبولیت، سیاسی پذیرائی اور کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عرصہ مریم نواز کے لیے شہرت، اثر و رسوخ اور عوامی اعتماد میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے،یوں مجموعی طور پر سال 2026 مریم نواز کے لیے امکانات سے بھرپور دکھائی دیتا ہے، بشرطیکہ وہ تحمل، تدبر اور متوازن فیصلوں کے ساتھ آگے بڑھیں، عوام اور سیاسی مبصرین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ آنے والا سال عملی سیاست میں ان کے لیے کن نئے موڑ لے کر آتا ہے۔