سرگودھا کے علاقے پل 78 کی طالب کالونی میں کرنٹ لگنے سے تین سگے بھائی جاں بحق ہو گئے، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
تفصیلات کے مطابق ساجد مسیح پانی کی ٹینکی چیک کرنے کے لیے گھر کی چھت پر گیا، جہاں وہ چھت کے اوپر سے گزرنے والی مین بجلی کی تاروں سے چھو گیا اور شدید کرنٹ کی زد میں آ گیا۔ ساجد مسیح کو بچانے کے لیے اس کے بھائی عابد مسیح اور آصف مسیح بھی آگے بڑھے، تاہم وہ بھی کرنٹ کی لپیٹ میں آ گئے۔
حادثے کے نتیجے میں تینوں سگے بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جس کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے بھر میں سوگ کی کیفیت پیدا ہو گئی۔
اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے تینوں بھائیوں کی نعشیں ہسپتال منتقل کر دیں ۔