جرمنی کی طرف سے پاکستانیوں کے لیے بڑا اعلان

جرمنی کی طرف سے پاکستانیوں کے لیے بڑا اعلان

حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے جرمنی میں رہائش پذیر پاکستانی شہریوں کو دوہری شہریت کی اجازت دے دی ہے۔اس فیصلے کے بعد اب وہ پاکستانی جو جرمن شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنی پاکستانی شہریت ترک کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، یہ پیش رفت طویل عرصے سے جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کا ایک بڑا مطالبہ تھی، جسے بالآخر پورا کر دیا گیا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ 1951 کے تحت دوہری شہریت سے متعلق قومی پالیسی میں توسیع کے نتیجے میں سامنے آیا ہے، اس نئی پالیسی کے تحت جرمنی کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ساتھ پاکستان دوہری شہریت کی اجازت دیتا ہے۔

حکام نے اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ اس فیصلے کا تعلق جرمنی کے شہریت قوانین میں کسی حالیہ تبدیلی سے نہیں، بلکہ یہ مکمل طور پر حکومتِ پاکستان کا ایک خود مختار پالیسی فیصلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بڑے یورپی ملک نے پاکستانیوں کے لیے ہزاروں نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا

امیگریشن بیورو کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق حکومت نے یہ اجازت جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے دی ہے، اس فیصلے کے بعد جرمن شہریت حاصل کرنے والے پاکستانی اپنی پاکستانی شناخت، قومی تعلق اور قانونی حیثیت برقرار رکھ سکیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان میں جائیداد رکھنے، وراثت کے حقوق استعمال کرنے اور دیگر شہری سہولیات سے بھی فائدہ اٹھاتے رہیں گے، جو اس سے قبل دوہری شہریت نہ ہونے کی وجہ سے کئی افراد کے لیے ایک بڑا مسئلہ تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کے 21 ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کے باضابطہ انتظامات رکھتا ہے۔ ان ممالک میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، فرانس، اٹلی، بیلجیئم، نیدرلینڈز، سویڈن، سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر اہم ریاستیں شامل ہیں۔

جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے، جو آئی ٹی، انجینئرنگ، ہیلتھ کیئر، آٹوموٹیو انڈسٹری، ریسرچ اور کاروباری شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *